۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
ڈی آئی خان میں مرحوم علامہ غلام حسن نجفی جاڑا صاحب کے چہلم کا انعقاد

حوزہ / پاکستان کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور کے مدرسہ "باب النجف جاڑا" میں استاد العماء بزرگ عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ غلام حسن نجفی جاڑا صاحب کے چہلم کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور کے مدرسہ "باب النجف جاڑا" میں استاد العماء بزرگ عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ غلام حسن نجفی جاڑا صاحب کے چہلم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدور علامہ سید تقی نقوی، علامہ محمد رمضان توقیر اورشیخ انور علی، مولانا افتخار حسین(جامعتہ الکوثر اسلام آباد)، علامہ انیس خان(جامعۃ المصطفی العالمیہ پاکستان اسلام آباد)، علامہ حاجی ناصر حسین حیدری(پرنسپل جامعہ شہید مرتضوی)، مولانا منظور حسین جوادی، مختلف علمائے کرام اور مدرسین سمیت ڈیرہ بھر سے مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے بزرگ عالم دین کو خراج عقیدت پیش کیا۔

علامہ محمد رمضان توقیر نے مرحوم بزرگ عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ غلام حسن نجفی جاڑا صاحب کی برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استاد بزرگوار کی قومی و ملی، تنظیمی اور ملت تشیع پاکستان کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا: مرحوم کی ملت تشیع پاکستان کے لئے کی گئی مخلصانہ خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان بھر میں کئی مدارس و مساجد کی بنیاد رکھی۔ ان کے شاگرد کثیر تعداد میں دنیا بھر میں دین مبین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ وہ مفتی جعفر حسین سے لے کر موجودہ قیادت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے اور ملت تشیع پاکستان کے حقوق کا بھرپور تحفظ کرتے رہے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: آج ان کے شاگرد کی حیثیت سے قومی قیادت کے ساتھ مربوط رہتے ہوئےحالیہ دنوں میں قومی اسمبلی میں متنازعہ ترمیمی بل 298/A کی منظوری کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس بل کو کسی صورت قبول نہیں کرتے اور اس کو روکنے کےلئے بزرگ علمائے کرام اور قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ دیگر علمائے نے خطاب کرتے ہوئے اپنے بیانات میں مرحوم بزرگ عالم دین کی ملی، قومی اور دینی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کےلئے خصوصی دعا کی۔

ڈی آئی خان میں مرحوم علامہ غلام حسن نجفی جاڑا کے چہلم کا انعقاد

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .